ہیاق ( یاک )

بلتستان ، لداخ ، تبّت اور تبّت سے مُلحق بالائی علاقوں میں پایا جانے والا ایک حلال گوشت اور اہم ترین جانور "یاک" ہے۔ شروع میں یہ جنگلی جانوروں میں شمار ہوتا تھا اور بعد میں اسے پالتو بنایا گیا ۔ تبّت کی آبادی سے دور بعض سبزہ زاروں میں جنگلی یاک کے ریوڑ اب بھی پائے جاتے ہیں جن میں ہزاروں یاک شامل ہوتے ہیں ۔ شدید سردی اور برف میں بھی یہ بار برداری کا انتہائی کارآمد ذریعہ ہے ۔ اس لئے اسے "برف کی کشتی" سے تشبیہ دیتے ہیں ۔ یہ اس علاقے میں پائے جانے والے تمام جانوروں میں قوی ہیکل جانور ہے ۔ یاک کی لڑائی بہت دلچسپ اور خوف ناک ہوتی ہے ۔ تبّت میں یاک لڑانے کا باقاعدہ میلہ لگتا ہے ۔ یاک کی سینگ سے بِگُل بنایا جاتا جو ریوڑ کو ہانکنے کے علاوہ قدیم زمانے میں جنگوں میں بھی کام آتے تھے ۔ یاک کی سینگ سے حقہ بھی بنایا جاتا تھا ۔





" یاک" بلتی اور تبّتی لفظ "ہیاق" کی بگڑی شکل ہے جس کی مادہ "ہیاق مو" کہلاتی ہے ۔ اس کا دودھ زرد رنگ کا ہوتا ہے اور تحقیق کے مطابق چھ فیصد چکناہٹ کا حامل ہوتا ہے اور یہ مکھن نکالنے کے لئے بہت ہی زرخیز دودھ ہوتا ہے ۔ یاک کے چمڑے سے کوٹ ، خیمے اور رسیاں بنائی جاتی ہیں جب کہ اس کے لمبے بال نٙمدے بنانے کے کام آتے ہیں۔ یہ جانور عام طور پر برف کا پانی پیتا ہے اور بالائی چرا گاہوں میں چرنے کا عادی ہوتا ہے ۔ اس لئے گرم اور زیرِین علاقوں میں یاک کا زندہ رہنا مشکل ہوجاتا ہے ۔ یاک کے دیگر بہت سے فوائد کے علاوہ لوگوں کو اس سے وافر مقدار میں گوشت اور دودھ فراہم ہوتا ہے ۔


اس کا گوشت معدہ اور ہڈیوں کے لئے مفید ہے ۔ یاک کی ہڈیاں بلغم کے ساتھ خون آنے اور جلاب کے لئے دوا کا اثر رکھتی ہیں ۔ یاک کا گودا پھیپھڑے اور گُردے کی بیماریوں کے لئے علاج بتایا جاتا ہے ۔ ہیاق مو کا دودھ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے جسے بوڑھوں اور جوانوں کے لئے مُقوّی دوا ہے اور بے خوابی کے لئے بھی مُفید ہے۔ ہیاق مو کے دودھ سے نکالا گیا مکھن انتڑیوں کے امراض کے لئے اِکسیر ہے ۔ نیز یہ کھانسی، قبض اور بلغم کے ساتھ آنے والےخون کو روکنے کے لئے بھی موثر دوا ہے ۔ یاک کا دماغ نُقوش عناصر کی کئی اقسام کا حامل ہوتا ہے جو اعصابی نظام کے لئے بہتر ہوتے ہیں ۔ یاک کی آنکھیں نزدیکی نظر کی کمزوری اور موتیا جیسے آنکھوں کے علاج کے لئے مفید تصور کی جاتی ہیں ۔ یاک کی ناک حاملہ خواتین کے کمر درد اور اِسقاط حمل کی عادی عورتوں کے لئے اچھا علاج بتائی جاتی ہے ۔ یاک کا دل بے ترتیب حرکتِ قلب ، دم گھٹنے اور بے خوابی کے لئے موثر دوا ہے۔ یاک کا جگر موتیا اور شب کور جیسی آنکھوں کے لئے دوا ہے۔ یاک کا پِتّہ اور گردہ آنکھوں کی بیماریوں کے لئے شفا اور بچوں سے متعلق پٹھوں کی بیماریوں کے لئے دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ یاک کے سینگ گلہ اور معدہ کی سوزش کے لئے مفید ہے۔

گویا یاک اس علاقے کا بہت ہی اہم جانور ہے ۔ اس کی نسل بزو/بزومو ، تول/تول مو ، گر/گرمو ، ہلوق/ہلوق مو اور سوق/سوق مو  ہیں۔

Comments

Popular posts from this blog